مٹیاری میں غذائی قلت، ممتا پروگرام اور انسانی حقوق پر اجلاس، افسران کو سخت ہدایات

مٹیاری(رپورٹ امجد راجپوت،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو اقراء جنت کی صدارت میں لطیف ہال مٹیاری میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غذائی قلت، ممتا پروگرام، بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں اے ڈی سی ٹو اقراء جنت نے کہا کہ ضلع میں جاری غذائی قلت اور ممتا پروگرام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے نگرانی کے نظام کو مضبوط کیا جائے تاکہ مستحق خواتین اور بچوں تک سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رجسٹریشن اور آگاہی مہم کو تیز کیا جائے اور امدادی رقم شفاف طریقے سے بغیر کسی کٹوتی کے حقداروں تک پہنچائی جائے۔
محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد ماں اور بچے کی صحت بہتر بنانا اور غذائی قلت پر قابو پانا ہے۔
اے ڈی سی ٹو اقراء جنت نے محکمہ بہبودِ آبادی کو بھی ہدایت کی کہ ضلع میں آبادی سے متعلق آگاہی پروگرام منعقد کیے جائیں تاکہ عوام میں خاندانی منصوبہ بندی اور متوازن آبادی کے حوالے سے شعور اجاگر کیا جا سکے۔
اجلاس میں بین المذاہب ہم آہنگی اور انسانی حقوق کے امور پر بھی بات کی گئی۔ مختلف محکموں کے افسران، سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے شرکت کی اور اقلیتوں کے حقوق، مذہبی آزادی، بھائی چارہ اور امن کے فروغ پر زور دیا۔
اجلاس کے دوران بچوں سے جبری مشقت، بھیک مانگنے، کم عمری اور جبری شادیوں کے معاملات، اور زبردستی مذہب تبدیل کروانے جیسے مسائل پر بھی غور کیا گیا۔ اے ڈی سی ٹو اقراء جنت نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ضرورت پڑنے پر شیلٹر ہوم (پناہ گاہ) کے قیام کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں گے۔
اجلاس کے اختتام پر تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ حکومتی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔



