مٹیاری میں صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر کی ہدایات، پولیو مہم کی کامیابی پر تعریف

مٹیاری (رپورٹ: امجد راجپوت،نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر محمد یوسف شیخ نے کہا ہے کہ ضلع کی عوام کو معیاری اور بروقت صحت کی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، اور صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
یہ باتیں انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیکریٹریٹ مٹیاری کے لطیف ہال میں صحت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہیں، جس میں پولیو مہم کی کارکردگی، ضلع میں شعبہ صحت کی مجموعی کارکردگی اور تعلقہ اسپتالوں میں طبی سہولیات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں ڈاکٹر بابر نے پولیو مہم کی کارکردگی، رہ جانے والے بچوں کی کوریج، ای پی آئی پروگرام، سرویلنس سسٹم، صحت مراکز کی موجودہ صورتحال اور درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع مٹیاری میں پولیو مہم کامیابی سے مکمل ہوئی اور مقررہ اہداف حاصل کر لیے گئے۔
ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت، ضلعی انتظامیہ، پولیو ٹیمیں، ڈبلیو ایچ او اور تمام متعلقہ عملے کو پولیو مہم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور خدمات کو سراہا۔
انہوں نے ہدایت کی کہ ضلع بھر کی اسپتالوں میں ڈاکٹروں اور عملے کی حاضری یقینی بنائی جائے، ایمرجنسی وارڈز مکمل فعال کیے جائیں اور مریضوں کو بنیادی طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ مزید کہا کہ صحت کے بجٹ کو شفاف انداز میں استعمال کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ ضلع میں خطرناک اور آوارہ کتوں کے خلاف آپریشن کیے جائیں، اور مچھروں کے خاتمے کے لیے اسپرے مہم چلائی جائے تاکہ ڈینگی اور دیگر بیماریوں سے عوام محفوظ رہیں۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مٹیاری اقراء جنت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر آصف حسین شاہ، اسسٹنٹ کمشنر مٹیاری عبد الستار شیخ، اسسٹنٹ کمشنر ہالا ڈاکٹر مظاہر، اسسٹنٹ کمشنر سعیدآباد عبدالشکور سولنگی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے تمام اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کو تیزی سے آگے بڑھانے اور ضلع میں شعبہ صحت کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایات جاری کیں۔



