ہر ممکنہ امریکی اقدام کے لیے مکمل تیار ہیں ،صدر مسعود پزیکشیان

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے صدر مسعود پزیکشیان نے امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی پر سخت مگر محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، تاہم خطے میں امن اور استحکام ہی اس کی اولین ترجیح ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران خطے کو کسی نئی جنگ کی طرف دھکیلنا نہیں چاہتا، مگر قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ان کے مطابق حالیہ سفارتی رابطوں اور مذاکرات میں عملی تجاویز زیرِ بحث آئیں، جو پیش رفت کی علامت ہیں۔

مسعود پزیکشیان نے انکشاف کیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات میں کچھ حوصلہ افزا اشارے ضرور سامنے آئے ہیں، تاہم ایران امریکی اقدامات اور پالیسیوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو ایران اس کا مؤثر اور فوری جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایرانی صدر کے اس بیان کو خطے میں بدلتی ہوئی سفارتی فضا اور ممکنہ تصادم کے تناظر میں انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں ایک طرف مذاکرات کی امید ہے تو دوسری جانب تیاریوں کا کھلا اعلان عالمی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button