عالمی دباؤ کے سامنے سر نہیں جھکائیں گے، صدر مسعود پزشکیان

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک) مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں ایران کو سر جھکانے پر مجبور کرنے کے لیے صف بندی کر رہی ہیں، تاہم ایران کسی صورت ان کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا۔
ایرانی صدر نے سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے خطاب میں کہا کہ تمام سختیوں، پابندیوں اور مسائل کے باوجود ایران کسی بھی آزمائش کے سامنے ہار نہیں مانے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور حتمی فتح ایران کا مقدر ہو گی۔
اسی تناظر میں ایران نے یورپی یونین کی بری، بحری اور فضائی افواج کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔ یہ اقدام یورپی یونین کی جانب سے پاسداران انقلاب کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کے ردعمل میں اٹھایا گیا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے امریکہ کے ساتھ ہونے والے جوہری مذاکرات کے بعد چند دنوں میں ایک جوابی تجویز کا مسودہ تیار کیے جانے کی توقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران سفارتی راستے بند نہیں کر رہا، تاہم قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
اسی دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف محدود فوجی حملوں پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔
دوسری جانب برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر امریکہ نے کارروائی کی تو اس میں ایران کی اہم شخصیات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جس سے مشرقِ وسطیٰ ایک نئے خطرناک مرحلے میں داخل ہو سکتا ہے۔



