مریم نواز ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئیں

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف ایک روزہ سرکاری دورے پر کوئٹہ پہنچ گئیں۔
کوئٹہ ایئرپورٹ پر گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبائی وزراء کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس کے بعد مریم نواز گورنر ہاؤس پہنچیں جہاں گورنر بلوچستان سے ون ٹو ون ملاقات شیڈول ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب حالیہ دہشت گرد حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے ملاقات کریں گی اور ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کریں گی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز کی وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے ملاقات بھی متوقع ہے، جبکہ گورنر ہاؤس میں کابینہ اراکین کے ساتھ بلوچستان کی موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی مشاورت کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ مریم اورنگزیب، عظمیٰ بخاری اور چیف سیکرٹری پنجاب بھی موجود ہیں۔
یہ دورہ بلوچستان کی موجودہ سیاسی اور امن و امان کی صورتحال کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔



