علی پور چٹھہ: مریم نواز ہسپتال ڈینٹل یونٹ اور ایکسرے پلانٹ سے محروم، شہریوں کا شدید احتجاج

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے) علی پور چٹھہ مریم نواز ہسپتال ڈینٹل یونٹ اور ایکسرے پلانٹ سے محروم، شہریوں کا شدید احتجاج۔علی پورچٹھہ کا مریم نواز ہسپتال بنیادی طبی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث شدید تنقید کی زد میں آ گیا ہے۔ ری ویپنگ اور آؤٹ سورس کیے جانے کے بعد ہسپتال اب تک ڈینٹل یونٹ اور ایکسرے پلانٹ جیسی اہم سہولیات سے محروم ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق حالیہ دنوں مریم نواز ہسپتال کو ری ویپنگ کے بعد آؤٹ سورس کیا گیا، تاہم ہسپتال تاحال چار دیواری سے محروم ہے۔ اس صورتحال کے باعث آوارہ جانور دن بھر ہسپتال کے احاطے میں گھومتے اور چرتے نظر آتے ہیں، جس سے مریضوں اور تیمارداروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے اور صفائی و سکیورٹی کے سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں۔ ری ویپنگ سے قبل مریم نواز ہسپتال میں لاکھوں روپے مالیت کی جدید ڈینٹل مشینری موجود تھی، جس سے شہریوں کو دانتوں کے علاج کی سہولت مقامی سطح پر میسر تھی۔ تاہم آؤٹ سورس کے بعد نہ صرف ڈینٹل یونٹ غیر فعال ہو گیا بلکہ ہسپتال اب تک ایکسرے پلانٹ سے بھی محروم ہے۔ نتیجتاً شہریوں کو مجبوراً پرائیویٹ کلینکس کا رخ کرنا پڑ رہا ہے، جہاں مہنگے داموں دانتوں کا علاج اور ایکسرے کروانا غریب عوام کے لیے کسی امتحان سے کم نہیں۔ عوامی حلقوں نے طبی سہولیات کی اس سنگین کمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ ناانصافی قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایک طرف صحت کی بہتری کے دعوے کر رہی ہے، جبکہ دوسری جانب بنیادی سہولیات تک دستیاب نہیں۔ مظاہرین نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علی پور چٹھہ میں فوری طور پر ڈینٹل یونٹ اور ایکسرے پلانٹ فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔اس حوالے سے جب مریم نواز ہسپتال کے انچارج ڈاکٹر نفیس احمد چٹھہ سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ری ویپنگ سے قبل موجود ڈینٹل مشینری ہسپتال میں ہی موجود ہے۔ ان کے مطابق حکومت پنجاب نے اضافی مشینری اور فٹنگ اسٹاف کو مرحلہ وار گوجرانوالہ ڈویژن میں تعینات کیا ہے، جہاں ڈویژن کا پہلا آر ایچ سی ایمن آباد ہے۔ ڈاکٹر نفیس احمد چٹھہ کا کہنا تھا کہ وہاں کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ آئندہ 8 سے 10 دن کے اندر علی پور چٹھہ مریم نواز ہسپتال میں ڈینٹل یونٹ اور ایکسرے پلانٹ فعال کر دیے جائیں گے۔ تمام کام ترتیب وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ انتظامیہ کے دعوے محض بیانات تک محدود نہ رہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے علی پور چٹھہ کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

مزید خبریں

Back to top button