خواتین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو مریم چھوڑے گی نہیںِ،وزیر اعلیٰ پنجاب

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ای ٹیکسی سروس کا افتتاح کردیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو مریم چھوڑے گی نہیںِ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ای ٹیکسی اسکیم کا افتتاح کردیا جب کہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اہم اعلانات کیے۔

اُنہوں نے کہا کہ پنجاب کی ہر تحصیل میں گرین بس سروس شروع کی جائے گی اور جلد ٹریک لیس ٹرین منصوبے کا اجرا بھی کیا جائے گا۔ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں ای ٹیکسی اسکیم متعارف کرائی گئی، جو ماحول دوست اور خواتین کے روزگار کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں خواتین کو کسی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، ہر بیٹی محفوظ ہے اور حکومت ہر صورت مدد کو پہنچے گی۔

انہوں نے گرین بس منصوبے کی کامیابی اور ای موبیلٹی کے نظام کی تشکیل پر بھی روشنی ڈالی، بتایا کہ 1500 بسیں آرہی ہیں اور مزید 1100 شامل کی جائیں گی۔ فیصل آباد اور گوجرانوالہ میٹرو بس پر کام جاری ہے جبکہ طلبہ، خواتین، بزرگ اور خصوصی افراد کو گرین بس پر مفت سفر کی سہولت دی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے ای ٹیکسی اسکیم کی مالی پہلوؤں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ڈرائیورز کے لیے 60 فیصد ڈاؤن پیمنٹ حکومت ادا کرے گی جبکہ مرد ڈرائیورز کے لیے 50 فیصد ہوگی۔ پہلے مرحلے میں 1100 ای وہیکلز فراہم کی جائیں گی، جن سے خواتین کی ماہانہ آمدنی ڈیڑھ سے دو لاکھ روپے تک ہو گی۔

رمضان المبارک کے دوران 42 لاکھ خاندانوں اور ڈھائی لاکھ افراد کو نگہبان پیکیج کے تحت مالی مدد فراہم کی گئی۔ ہسپتالوں میں مریضوں کے لواحقین کے لیے دسترخوان اور مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب میں فری ایمبولینس سروس بھی متعارف کرائی گئی ہے تاکہ میت کو ہسپتال سے منتقل کرنے میں کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں ماحولیات میں بہتری آ رہی ہے، اسموگ کنٹرول کے لیے دن رات کام کیا جا رہا ہے اور وبائی امراض پر قابو پایا گیا ہے۔ چین کے تجربات سے متاثر ہو کر دو سال میں اسموگ میں کمی لائی گئی۔ مستقبل میں پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر ماحولیات کی نگرانی جاری رہے گی۔

مریم نواز شریف نے زور دیا کہ عوام کے لیے اچھی سڑکیں، ٹرانسپورٹ، تعلیم، اسکالرشپ، لیپ ٹاپ، اراضی کی فراہمی اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ شہری بلا تعطل زندگی گزار سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button