اگر ہم مضبوط ہیں تو دشمن کچھ نہیں بگاڑ سکتا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا ایف سی ہیڈ کوارٹر بلوچستان میں خطاب

کوئٹہ (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بلوچستان میں امن و امان اور استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پورے پاکستان کی ترجیح ہے اور اگر ہم متحد اور مضبوط ہیں تو بدترین دشمن بھی ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ انہوں نے فرنٹیئر کانسٹیبلری (FC) کے لیے 10 ارب روپے کی معاونت کا بھی اعلان کیا۔

فرنٹیئر کانسٹیبلری ہیڈکوارٹرز بلوچستان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بلوچستان تنہا نہیں اور پورا ملک اس کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے ایف سی کے جوانوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سخت موسمی حالات اور دشوار گزار راستوں پر فرائض انجام دینا انتہائی قابلِ تعریف ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک کے لیے قربانی دینے والے شہداء ہمارا سرمایہ ہیں اور ان کی ماؤں کو سلام پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز میں خواتین کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی بیٹیاں خدمت اور فرائض کے حوالے سے کسی سے کم نہیں ہیں۔

مریم نواز نے ففتھ جنریشن وار اور دشمن کے منفی بیانیے کے مقابلے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا:

“جب تک ہم ایک قوم کی طرح متحد ہیں، دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ ہمیں دشمن کی سازشوں کو ناکام بنانا ہے۔”

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں تمام فورسز دشمنوں کا قلع قمع کر رہی ہیں اور پاکستان نے بھارت جیسے بڑے دشمن کو بھی پسپا کر دیا۔

بلوچستان کی سکیورٹی کی استعداد بڑھانے کی ضرورت پر بات کرتے ہوئے مریم نواز نے پنجاب میں جرائم کے خاتمے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ سی سی ٹی وی نگرانی، پولیس کی مضبوطی اور دھنگا فساد پر قابو پانے سے جرائم کی شرح میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عبادت گاہوں پر حملے کرنے والے ملک دشمن عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سخت اور واضح اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے زور دے کر کہا کہ اپنے ملک اور ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والا ہر دشمن شکست خوردہ ہوگا اور وطن کی سلامتی اور استحکام کو سب سے اوپر رکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button