مریم نواز سے صدر عالمی بینک کی ملاقات،شراکت داری بڑھانے پر اتفاق ،صحت، تعلیم اور ڈیجیٹل گورننس میں تعاون کا عزم

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت اور ورلڈ بینک نے شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور ان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ نے مہمانوں کا پرجوش استقبال کیا۔
ملاقات میں صحت، تعلیم، اپنی چھت اپنا گھر، ستھرا پنجاب اور کلائمیٹ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال ہوا۔ ورلڈ بینک کے صدر نے پنجاب میں جاری تورازم، ایجوکیشن، ہیلتھ، سکل ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کو قابل تحسین قرار دیا اور مستقبل میں موسمیاتی لچک، ڈیجیٹل گورننس اور جامع ترقی کے لیے سپورٹ اور سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت ورلڈ بینک کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صحت اور تعلیم صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور ان شعبوں میں خطیر سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ورلڈ بینک کے ساتھ مالی استحکام اور قابل عمل کاروباری ماڈلز کے ساتھ مسلسل تعاون کا خواہاں ہے۔ ورلڈ بینک کے اشتراک سے کنیکٹڈ پنجاب پروگرام تیار کیا جا رہا ہے اور کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کی اہمیت کو تسلیم کیا جاتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ورلڈ بینک نہ صرف صوبے میں آئی ٹی انفراسٹرکچر کو بہتر بنائے گا بلکہ معاشی ترقی کو بھی متحرک کرے گا۔ پنجاب حکومت نے ڈیجیٹل ادائیگیوں، گورننس اور زراعت میں بہتری کے لیے اقدامات متعارف کرائے ہیں تاکہ صوبے میں کارکردگی، شفافیت اور ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔
نواز شریف نے آئی ٹی سٹی، عالمی آئی ٹی سرٹیفیکیشنز، اور ای-پروکیورمنٹ جیسے اقدامات کا ذکر کیا، جبکہ ورلڈ بینک کے تعاون سے آبپاشی کے نظام کو بھی بہتر بنایا گیا۔ علاوہ ازیں، عوام کے لیے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ذریعے سستی رہائش فراہم کی جا رہی ہے اور مستحق افراد کے لیے نگہبان پیکج اور ہمت کارڈ جیسی سماجی بہبود کی سکیمیں بھی شروع کی گئی ہیں۔



