آلو کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ، مریم نواز کا برآمد کیلئے وزیراعظم سے رابطہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب میں گزشتہ سال کے مقابلے میں آلو کی پیداوار میں 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد صوبے میں 12 ملین میٹرک ٹن آلو کی تاریخی پیداوار حاصل ہوئی ہے۔ ریکارڈ فصل کے پیشِ نظر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کسانوں کو بہتر معاوضہ دلانے کے لیے وزیر اعظم سے آلو کی برآمدات کی اجازت طلب کر لی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب حکومت آلو کی برآمدات کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے، تاکہ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا صلہ مل سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آلو کی ریکارڈ پیداوار کو کوڑیوں کے بھاؤ فروخت نہیں ہونے دیا جائے گا۔

مریم نواز کے مطابق پنجاب حکومت اور قازقستان کے درمیان زرعی اشتراک کے عملی اقدامات جاری ہیں، جبکہ قازقستان کے وفد اور پنجاب حکومت کے درمیان آلو کی برآمد سے متعلق اہم پیشرفت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قازقستان آلو کی برآمدات کے لیے پہلا قدم ہے، جبکہ جلد دیگر عالمی زرعی منڈیوں تک بھی رسائی حاصل کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آلو کی بمپر کراپ کسانوں کے لیے کسی پریشانی کا باعث نہیں بلکہ خوشحالی کا پیغام ثابت ہو گی۔ پنجاب حکومت کسان دوست پالیسیوں کے تحت زرعی شعبے کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اور پائیدار اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسانوں کے مفادات کا ہر سطح پر تحفظ کیا جائے گا اور زرعی ترقی کے ذریعے صوبے کی معیشت کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button