پنجاب کے ہر گھر کا ہیلتھ پروفائل تیار ہوگا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا بڑا اعلان

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے ہر گھر کا ہیلتھ پروفائل تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ چھ ماہ میں مکمل ڈیٹا ان کے پاس ہوگا، جس سے یہ معلوم ہو سکے گا کہ کس فرد کو کون سی بیماری لاحق ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب ماں کی طرح ہر گھر کی ذمہ داری لے رہی ہے اور عوام کی دہلیز پر جا کر صحت سے متعلق پوچھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دروازہ کھٹکھٹا کر شہریوں سے دریافت کیا جاتا ہے کہ اگر کوئی تکلیف ہے تو آگاہ کریں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق صوبے بھر میں عوام کو 100 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ فیلڈ اسپتال اور کلینک آن وہیلز کے ذریعے اب تک دو کروڑ افراد کا علاج کیا جا چکا ہے۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ لاہور میں پاکستان کا پہلا میڈیکل ڈسٹرکٹ قائم کیا جائے گا، جبکہ نواز شریف کینسر اسپتال تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔



