کینسر اور امراض قلب کے نئے اسپتال اسی ماہ فعال کئے جائیں، مریم نواز کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے میں زیرِ تعمیر نئے اسپتالوں کی جلد تکمیل کے احکامات جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ لاہور میں نواز شریف کینسر ریسرچ سینٹر اور جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کو اسی ماہ عوام کے لیے کھول دیا جائے۔
وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کے بیسمنٹ اور گراؤنڈ فلور کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے، جبکہ مریضوں کے لیے ویٹنگ ایریا، مسجد اور ڈاکٹروں کی رہائشگاہیں بھی تیار کر لی گئی ہیں۔ پاکستان کے پہلے نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر کا باضابطہ آغاز اسی ماہ کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق سینٹر میں ڈاکٹرز اور پروفیشنل اسٹاف کی بھرتیوں کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ 219 آسامیوں کے لیے انٹرویوز مکمل ہو چکے ہیں، تاہم انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ کی تعیناتی کے لیے آسامی کو دوبارہ مشتہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے لیڈی ولنگڈن ہسپتال کی تعمیرِ نو کو بھی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف انسٹی ٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ سینٹر میں پاکستان بھر سے آنے والے ہر کینسر کے مریض کو علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔



