مذہب کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، سڑکوں کی بندش، عوامی املاک کو نقصان پہنچانا اور ریاستی اداروں پر حملے کرنا فتنہ ہے، مریم نواز

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ مذہب کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، سڑکوں کی بندش، عوامی املاک کو نقصان پہنچانا اور ریاستی اداروں پر حملے کرنا فتنہ ہے۔ کسی کو بھی ملک و قوم کی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔مذہبی منافرت اور تقسیم کو روکنا تمام علما کرام اور آئمہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کیونکہ ماضی میں کچھ عناصر نے مذہب کے نام پر فتنہ و فساد کو فروغ دے کر معاشرے کو نقصان پہنچایا۔

علما کرام میں اعزازیہ کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ علما اور آئمہ کرام غمی اور خوشی کے مواقع پر عوام کی رہنمائی کرتے ہیں، تاہم حکومت ماضی میں انہیں وہ جائز مقام اور سہولیات فراہم نہیں کر سکی، جس کا ازالہ اب کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں 80 ہزار سے زائد مساجد موجود ہیں اور انہیں 70 ہزار آئمہ کرام کی جانب سے اعزازیہ سے متعلق درخواستیں موصول ہوئیں۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ بعض آئمہ کو صرف 5 ہزار روپے ماہانہ ملنے کی بات سن کر انہیں شدید دکھ ہوا، اسی لیے حکومت نے آئمہ کرام، علماء اور خطباء کو 25 ہزار روپے ماہانہ اعزازیہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ یہ رقم بظاہر کم ہے لیکن اس سے آئمہ کرام کی زندگی میں کچھ آسانی ضرور آئے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ اعزازیہ کی ادائیگی کے لیے آسان، شفاف اور براہِ راست نظام ترتیب دے دیا گیا ہے، جس کے تحت فروری کے آخر تک آئمہ کرام کے پنجاب بینک میں اکاؤنٹس کھول دیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب حکومت اور آئمہ کرام کے درمیان رابطہ کمزور ہو جاتا ہے تو معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، جبکہ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا اور حکومت ملک میں اتحاد، امن اور رواداری کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ علما اور حکمرانوں کے درمیان مضبوط تعلق ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر نے اس اقدام کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی، مگر یہ خالصتاً فلاحی قدم ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ مذہب کے نام پر جلاؤ گھیراؤ، سڑکوں کی بندش، عوامی املاک کو نقصان پہنچانا اور ریاستی اداروں پر حملے کرنا فتنہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستھرا پنجاب کی گاڑیوں کو نذر آتش کیا گیا، گلیوں اور شاہراہوں کو بند کیا گیا، جو کسی صورت مذہب نہیں بلکہ انتشار ہے۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ فتنہ و فساد کی سرکوبی صرف حکومت کا نہیں بلکہ علما کرام کا بھی فرض ہے۔ قرآن و حدیث میں فساد کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور ریاست مظلوم کو انصاف دلانے کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست اپنے شہداء کے خون کا حساب لے گی اور کسی کو بھی ملک و قوم کی سلامتی سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ٹریفک قوانین پر بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگرچہ عوام ٹریفک چالان سے خوش نہیں، لیکن ہیلمٹ، ون وے اور کم عمری میں ڈرائیونگ کے خلاف کارروائی کا مقصد جانوں کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک چالان سے انہیں ذاتی طور پر کوئی فائدہ نہیں بلکہ اس کا مقصد حادثات سے انسانی جانوں کو بچانا ہے۔

آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آئمہ کرام کی آواز ہر جگہ پہنچتی ہے اور حکومت چاہتی ہے کہ علما اور آئمہ کرام حکومت کے مثبت اقدامات اور اصلاحات کا پیغام عوام تک پہنچائیں۔


مزید خبریں

Back to top button