اگر پنجاب کی بیٹی ڈٹ جائے تو صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہے، مریم نواز کا تقریب سے خطاب

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کمیونٹی ہیلتھ ورکرز کی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی بیٹی کسی سے کم نہیں اور اگر وہ محنت کرے تو سب کچھ حاصل کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی خواتین باہمت ہیں اور اپنی صلاحیت سے صوبے کی تقدیر بدل سکتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ حکومت اب بیمار لوگوں کا ہسپتال آنے کا انتظار نہیں کرے گی بلکہ کمیونٹی ہیلتھ ورکرز براہِ راست گھر گھر جا کر علاج فراہم کریں گے، تاکہ کوئی شہر، گلی یا محلہ ایسا نہ رہے جہاں ہماری ٹیمیں نہ پہنچیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 25 ہزار کمیونٹی ہیلتھ انسپکٹرز میدان عمل میں نکلیں گے تو پنجاب سے بیماریاں دور ہو جائیں گی۔ فیلڈ ہسپتال گاؤں گاؤں جا کر علاج فراہم کر رہے ہیں، اور ستھرا پنجاب منصوبہ دنیا بھر میں مقبول ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ورکروں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ جب وہ اچھا کام کریں گے تو ان کی تنخواہ بڑھائی جائے گی۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ چاہتی ہیں کہ عوام کو ہسپتال جانے کی ضرورت نہ پڑے بلکہ ہسپتال خود عوام تک پہنچے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں کارڈیالوجی ہسپتال بنائے جا رہے ہیں، اور اب جھنگ میں بھی کارڈیالوجی ہسپتال قائم ہو گا۔
وزیراعلیٰ نے اختتام میں کہا: "ایک مریم آپ کے سامنے کھڑی ہے اور میرے سامنے آپ سب مریم کھڑی ہیں۔”



