مریم اورنگزیب کا پیٹرول قیمتوں میں اضافے پر ردعمل، عالمی حالات بہتر ہوتے ہی مزید ریلیف کی یقین دہانی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر کہا ہےکہ جیسے  جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے اسی عزم اور حکمت کے ساتھ ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔

سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جب قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا تو اسے عام عوام پر مکمل بوجھ ڈالنے کے بجائے ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے متوازن کیا گیا، یہ وہ قیادت ہے جو مشکل حالات میں بھی عوام کو تنہا نہیں چھوڑتی بلکہ ہر ممکن حد تک سہارا دیتی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ پاکستان ایسے رہنما کے ہاتھوں میں ہے جو عوام کے دکھ درد کو سمجھتا ہے اور ان کے لیے عملی اقدامات کرتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہونے پر مبارکباد دیتی ہوں اور تمام وزرائےاعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، ہم انشااللہ ایک قوم بن کر ان مشکل حالات کامقابلہ کریں گے، جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، اسی عزم اور حکمت کے ساتھ مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button