بسنت محفوظ اور ذمہ داری کے ساتھ منائیں، 6 سے 8 فروری تک مفت پبلک ٹرانسپورٹ، مریم اورنگزیب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے بسنت تہوار کو ذمہ داری اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ منانے کی ہدایت کی ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ لاہور میں 6، 7 اور 8 فروری کو شہریوں کے لیے تمام پبلک ٹرانسپورٹ مفت فراہم کی جائے گی۔ بسنت کے موقع پر میٹرو بس، اورنج لائن اور رکشا سروس تینوں دن بلا معاوضہ دستیاب ہوں گی تاکہ شہری آسان اور محفوظ طریقے سے نقل و حمل کر سکیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ٹریفک اور فضائی آلودگی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کریں، کیونکہ لاہور میں ہوا کی رفتار کم ہونے کے باوجود ایئر کوالٹی انڈیکس 178 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بھٹوں، فیکٹریوں اور گاڑیوں سے دھوئیں کے اخراج پر بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔



