مارک زکربرگ نے(اے آئی) سے لیس اسمارٹ گلاسز کو مستقبل قرار دے دیا

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)میٹا کے چیف ایگزیکٹو نے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) سے لیس اسمارٹ گلاسز کو مستقبل قرار دیا ہے۔
میٹا کی سہ ماہی آمدنی رپورٹ کے موقع پر انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے اے آئی وئیر ایبل ڈیوائسز اور اے آئی ماڈلز کی تیاری کو تیز کیا جا رہا ہے۔
مارک زکربرگ برگ کے مطابق دنیا بھر میں کمزور بینائی کے مالک افراد چشموں یا کانٹیکٹ لینسز کا استعمال کرتے ہیں اور ہمارے خیال میں ہم اس لمحے سے ملتے جلتے عہد کے قریب ہیں جب اسمارٹ فونز کی آمد ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ اس زمانے میں بہت جلد فلپ فونز کی جگہ اسمارٹ فونز نے لے لی تھی، اس طرح اب یہ تصور کرنا بہت مشکل ہے کہ آئندہ چند برسوں میں بیشتر افراد اے آئی گلاسز کا استعمال نہیں کر رہے ہوں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2025 میں میٹا کے اسمارٹ گلاسز کی فروخت میں 3 گنا اضافہ ہوا۔
مگر مارک زکربرگ کی جانب سے پہلی بار اس طرح کے خیالات کا اظہار نہیں کیا گیا۔
اس سے قبل ان کا خیال تھا کہ بہت جلد لوگ میٹا ورس میں دفاتر میں جائیں گے اور دوستوں سے ملاقاتیں کریں گے، مگر یہ تصور حقیقت نہیں بن سکا۔
مگر موجودہ عہد میں کمپنیوں کی جانب سے جتنا سرمایہ لگایا جا رہا ہے اور محنت کی جا رہی ہے، اس سے یہ ضرور لگتا ہے کہ اے آئی گلاسز آنے والے برسوں میں بہت زیادہ مقبول ہوں گے، البتہ اسمارٹ فونز جتنی مقبولیت حاصل ہوگی یا نہیں، یہ کہنا مشکل ہے۔
گوگل کی جانب سے 2026 میں اسمارٹ گلاسز کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
ایپل کی جانب سے ایک یا 2 برسوں میں اسمارٹ گلاسز کو متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اسنیپ چیٹ کی مالک کمپنی بھی اے آر گلاسز کے لیے ایک ذیلی کمپنی کو تشکیل دے رہی ہے۔
یہاں تک کہ ابھی ہارڈوئیر سے دور رہنے والی کمپنی اوپن اے آئی کی جانب سے اے آئی وئیر ایبلز کی تیاری پر کام کیا جار ہا ہے۔
البتہ یہ کمپنی ائیر بڈز یا اے آئی پن جیسی ڈیوائسز پر کام کر رہی ہے۔
اس وقت اسمارٹ گلاسز کی مارکیٹ میں میٹا کو سبقت حاصل ہے جس کے تیار کردہ مختلف ماڈلز صارفین کو دستیاب ہے۔



