کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے، مریم نواز شریف

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کہ ان شاء اللہ کشمیری عوام آزادی کا سورج جلد دیکھیں گے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
اپنے پیغام میں مریم نواز شریف نے کہا کہ ہر پاکستانی کے دل میں کشمیر کی محبت خون کی مانند دوڑتی ہے، اور وہ کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہیں، جنہوں نے حقِ خودارادیت کی شمع روشن رکھنے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے بھارتی سفاکیت کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کشمیری عوام کو سلام پیش کرتی ہیں، جبکہ بھارتی بربریت نے وادیٔ کشمیر کو جنت نظیر سے جیل میں بدل دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عالمی برادری، خصوصاً اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف اپنا قانونی اور عملی کردار ادا کرے، کیونکہ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے بغیر خطے میں امن کا خواب محض خواب ہی رہے گا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور ہر عالمی فورم پر ان کے حق میں آواز بلند کرتا رہے گا، اور ان شاء اللہ کشمیری عوام جلد اپنی آزادی کے سورج کا مشاہدہ کریں گے۔



