مارگلہ روڈ کو موٹروے سے براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کی سہولت کیلئے مارگلہ روڈ کو موٹروے تک براہ راست لنک کرنے کے میگا پراجیکٹ کا آغاز ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےمیگا پراجیکٹ کا دورہ اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
وزیرداخلہ کو میگا پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 2.7 کلومیٹر طویل ہے، جس کے دونوں اطراف 3 رویہ مرکزی سڑک اور 2 رویہ سروس روڈ تعمیر کی جائے گی، منصوبے میں جی ٹی روڈ پر سنگجانی کے مقام پر انٹرچینج، دو انڈر پاسز اور ایک پل بھی شامل ہے، جو ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
بریفنگ کے مطابق منصوبے کو دسمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ اس منصوبے کے 2.5 کلومیٹر طویل دوسرے حصے پر کام پنجاب حکومت کی جانب سے مکمل کیا جائے گا۔
محسن نقوی نے منصوبے میں شامل سنگجانی انٹرچینج کو 31 جولائی تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کام کی رفتار کو تیز کیا جائے اور مقررہ مدت کی پابندی یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد اور موٹروے کے درمیان ایک متبادل، تیز اور آسان راستہ میسر آئے گا، جس سے نہ صرف ٹریفک کے دباؤ میں نمایاں کمی ہوگی بلکہ شہریوں کے سفر کا دورانیہ بھی کم ہوگا۔
وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہر مرحلے پر معیار، شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جائے، شہریوں کو بہتر اور تیز ترین سفری سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی اسلام آباد پولیس، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔



