استنبول میراتھون کینیا کے ہوناز لوکیٹم کلیمیو نے جیت لی، 12پاکستانی رنرز کی بھی شرکت

استنبول (جانوڈاٹ پی کے)استنبول میراتھون کا مینز ٹائٹل کینیا کے ہوناز لوکیٹم کلیمیو نے جیت لیا جبکہ خواتین کیٹیگری میں ایتھوپیا کی ایڈیرا مینیلا نے کامیابی حاصل کی۔

دو براعظموں کے درمیان ہونے والی دوڑ میں دُنیا بھر سے 50 ہزار سے زائد رنرز نے شرکت کی۔ مینز ایونٹ میں کینیا کے ہونا ز لوکی ٹم کلیمیو نے کامیابی حاصل کی، اُنہوں نے مقررہ فاصلہ دو گھنٹے 10 منٹ اور 11 سیکنڈز میں طے کیا، دوسری اور تیسری پوزیشن ایتھوپیاکے ڈیبیلا اور کیباٹو نے حاصل کیں۔

 خواتین کیٹیگری کا ٹائٹل ایتھوپیا کی ایڈیرا مینیلا نے جیتا، فنشنگ لائن تک پہنچنے کا اُن کا وقت دو گھنٹے چھبیس منٹ اور اٹھارہ سیکنڈز رہا۔

ایونٹ میں پاکستان کے 12 رنرز نے کامیابی کے ساتھ 42 عشاریہ 195 کلو میٹر کا فاصلہ طے کیا اور مبارز بن رافع نے فاصلہ تین گھنٹے 21 منٹ 30 سیکنڈز میں طے کیا اور ایونٹ میں تیز ترین پاکستانی رہے۔

اسلام آباد کے مجتبیٰ احسن تین گھنٹے 23 منٹ کے ساتھ پاکستانی رنرز میں دوسرے نمبر پر رہے جبکہ استنبول میں مقیم پاکستانی اسماعیل خان چار گھنٹے تین منت کی ٹائمنگ کے ساتھ پاکستانیوں میں تیسرے نمبر پر رہے۔

کراچی کی سحر علی جنجوعہ فاصلہ چار گھنٹے 22 منٹ میں طے کرکے خواتین مین سب سے آگے رہیں جبکہ کراچی کی حنا ملک نے چار گھنٹے 49 منٹ میں فاصلہ طے کرکے اپنا میراتھون ریکارڈ 12 منٹ سے بہتر کیا۔

فیضان لاکھانی نے بھی کامیابی سے استنبول میراتھون مکمل کی، پہلی میراتھون دوڑنے والے فیضان لاکھانی نے فاصلہ پانچ گھنٹے 13 منٹ میں مکمل کیا۔

پاکستانی رنرز عمر رشید، زین احمد، کاشف رضا، مہوش حنیف، صدف سعد اور حازق خالد نے بھی کامیابی سے میراتھون مکمل کی۔ استنبول میراتھون کے دوران پاکستانی رنرز کو بھرپور پزیرائی ملی اور دوڑ کے دوران موجود مداح سبز شرٹس پہنے پاکستانی رنرز کو دیکھ کر پاکستان ذندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔

مزید خبریں

Back to top button