ٹھٹھہ:مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی میں گندگی کے ڈھیر ترقیاتی کام صفر

ٹھٹھہ (رپورٹ: جاوید لطیف مین/جانو ڈاٹ پی کے)مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی جو ضلع ٹھٹھہ کا ایک پوش علاقہ سمجھی جاتی ہے، شدید بدانتظامی اور بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کا شکار ہو چکی ہے۔ سوسائٹی کے مختلف حصوں میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ہیں جبکہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو کر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہی ہیں۔

رہائشیوں کے مطابق سوسائٹی کو آباد ہوئے کئی دہائیاں گزر چکی ہیں، تاہم تاحال سیوریج کا باقاعدہ نظام قائم نہیں کیا جا سکا۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ مختلف ادوار میں منتخب ہونے والے بورڈ آف ڈائریکٹرز اور چیئرمینز کی جانب سے مبینہ اعلیٰ سطحی کرپشن کے باعث سوسائٹی کی حالت مسلسل بدتر ہوتی چلی گئی ہے۔

پرائیویٹ سوسائٹی ہونے کے باعث مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی عوامی نمائندوں کی توجہ سے بھی محروم رہی، جبکہ مکلی ٹاؤن کمیٹی کے موجودہ چیئرمین، جو سوسائٹی اور اس کے اطراف کی آبادیوں کے ووٹوں سے منتخب ہو کر اس عہدے تک پہنچے، مبینہ عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرتے رہے، جس کے باعث سوسائٹی میں آج تک کوئی قابلِ ذکر ترقیاتی کام نہیں ہو سکا۔

رہائشیوں کا مزید کہنا ہے کہ مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے الیکشنز بھی مقررہ مدت سے التوا کا شکار ہیں، تاہم موجودہ چیئرمین اور محکمہ سوسائٹیز کے افسران کی مبینہ ملی بھگت کے باعث بار بار انتخابات ملتوی کیے جا رہے ہیں، جس سے سوسائٹی میں رہائش پذیر افراد کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

مکلی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے مکینوں نے منتخب عوامی نمائندوں اور حکومتِ وقت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سوسائٹی میں صفائی، سیوریج اور دیگر ترقیاتی کاموں کا آغاز کیا جائے، بصورت دیگر وہ احتجاج کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button