بھارت میں طیارے کی کریش لینڈنگ، نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار سمیت 6 افراد ہلاک

مہاراشٹرا(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں طیارے کی کریش لینڈنگ کے نتیجے میں نائب وزیراعلیٰ اجیت پوار ہلاک ہو گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے میں مجموعی طور پر 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
انڈین میڈیا کے مطابق طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کی کوشش کے دوران گر کر تباہ ہوا۔ حادثہ ضلع پونے کے علاقے بارہ متی میں پیش آیا، جہاں طیارہ زمین سے ٹکراتے ہی مکمل طور پر تباہ ہو گیا۔
ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ طیارے میں سوار تمام افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور کوئی بھی زندہ نہ بچ سکا۔ ریسکیو اداروں نے ملبہ ہٹانے اور شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آ سکیں، تاہم متعلقہ اداروں نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ سول ایوی ایشن حکام اور سیکیورٹی ادارے حادثے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ اطلاعات انڈین میڈیا رپورٹس پر مبنی ہیں اور سرکاری سطح پر تفصیلی تصدیق یا باضابطہ بیان کا انتظار کیا جا رہا ہے۔



