محبت کی انوکھی داستان: چینی خاتون نے زلزلے میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے شادی کرلی

بیجنگ(جانوڈاٹ پی کے)چین میں خاتون نے تباہ کن زلزلے میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے شادی کرلی۔
چین میں ان دنوں ایک منفرد محبت کی کہانی کافی وائرل ہو رہی ہے جس میں بتایا گیا کہ خاتون 2008 کے زلزلے میں جان بچانے والے فوجی اہلکار سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئی۔
چینی میڈیا کے مطابق جوڑے کی محبت کی کہانی 29 نومبر کو صوبہ Hunan کے شہر Changsha میں ہونے والی اجتماعی شادی کی تقریب میں سامنے آئی جہاں اس جوڑے سمیت 37 جوڑے شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2008 میں وینچوان میں آئے تباہ کن زلزلے کے دوران 22 سالہ فوجی Liang Zhibin کو ریسکیو مشن کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔
اس دوران انہوں نے 10 سالہ بچی Liu Ximei کو 4 گھنٹے کے ریسکیو آپریشن کے بعد منہدم عمارت کے ملبے کے نیچے سے زندہ نکالا اور اسپتال پہنچایا تھا۔
صحت یاب ہونے کے بعد Liu اپنے خاندان کے ساتھ چینی شہر Zhuzhou چلی گئی۔ وقت گزرنے کے ساتھ اُس کے دماغ میں فوجی اہلکار کی صرف ایک دھندلی سی یاد باقی رہ گئی۔
کہانی میں اصل موڑ 2020 میں آیا، جب 22 سالہ Liu نے اپنی ماں کی نشاندہی پر ایک ہوٹل میں اسی فوجی اہلکار کو پہچان لیا جس نے کئی سالوں پہلے اس کی جان بچائی تھی۔ لڑکی نے پاس جا کر شناخت کی تصدیق کی اور یہاں سے ان دونوں کا رابطہ دوبارہ قائم ہوا۔
بعد میں لڑکی نے Liang Zhibin کو سوشل میڈیا پر ایڈ کیا اور دونوں کے درمیان باقاعدہ بات چیت شروع ہوئی اور بات محبت اور پھر شادی تک پہنچ گئی۔
جوڑے کی شادی کی منفردکہانی سوشل میڈیا پر بہت مقبول ہورہی ہے اور صارفین نے اسے تقدیر کا کھیل اور حقیقی پریوں کی کہانی قرار دیا۔



