تھر کے مویشی معیشت کی بنیاد ہیں، ضلعہ کونسل کا دفتر 24 گھنٹے مالداروں کے لیے کھلا ہے، ڈاکٹر حیدر سمیجو

مٹھی (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع کونسل تھرپارکر کے چیئرمین ڈاکٹر حیدر سمیجو نے کہا ہے کہ تھر کے مویشی تھری عوام کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے تھر کے لوگوں سے اپیل کی کہ چراگاہوں (گئوچر) کو برقرار رکھا جائے کیونکہ یہ تھر کے مویشیوں کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ صوبائی وزیر لائیو اسٹاک سے اس حوالے سے بات کریں گے۔ تھر کے مویشیوں اور مال مویشی پالنے والوں کی بہتری کے لیے ضلع کونسل کا دفتر 24 گھنٹے مالداروں اور اس شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی معاونت کے لیے کھلا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ حکومت، سکار فاؤنڈیشن، سافکو اور جرمن تعاون کے اشتراک سے مالدار گروپس کی کاروباری ترقی کے منصوبے کے تحت سالانہ 2025 کی لائیو اسٹاک ویلیو چین ایسوسی ایشن (وی سی اے) تھرپارکر کانفرنس سے بینظیر کامپلیکس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر سعید ندیم حیدر شاہ نے بتایا کہ یہ تین سالہ منصوبہ جانوروں کی صحت، افزائش اور مالداروں کو ان کے مویشیوں کا جائز معاوضہ دلوانے کے لیے جدید طریقوں سے مارکیٹنگ کے فروغ پر مشتمل ہے، جس کے لیے چار کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں۔ ان میں ابتدائی طور پر دیہی سطح پر درست آگاہی، کاروبار اور مارکیٹنگ پر توجہ دی جا رہی ہے۔ محکمہ لائیو اسٹاک تھرپارکر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر اجئے کمار روپانی اور ان کی ٹیم نے بھی کانفرنس میں مویشیوں سے متعلق تفصیلی معاونت کے بارے میں آگاہی دی۔ منصوبے کے جنرل منیجر تیرتھ کمار نے بتایا کہ تھرپارکر کے 200 دیہات میں ویلیو چین نیٹ ورک فعال طور پر کام کر رہا ہے۔ کانفرنس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر کیلاش پنھیار، پاپولیشن آفیسر دلیپ دوشی، اسٹیک ہولڈرز افسران، متعلقہ اداروں کے اہلکاروں، دیہی سطح پر وی سی اے کمیٹی کے اراکین، مقامی رہنماؤں اور تاجر تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button