لیونارڈو، جینیفر لارنس پھر سے ایک ساتھ بڑی سکرین پر جلوے بکھیرنے کو تیار

نیویارک(جانوڈاٹ پی کے)جینیفر لارنس اور لیونارڈو ڈی کیپریو کے مداح ایک بار پھر سے انھیں ساتھ دیکھ سکیں گے، دونوں مارٹن اسکورسیز کی فلم میں جلوہ گرہونگے۔
ہالی ووڈ کے بڑے اداکار جینیفر لارنس اور لیونارڈو ڈی کیپریو پھر سے مداحوں کی دھڑکنیں تیز کرنے بڑی اسکرین پر آنے کو تیار ہیں، معروف ڈائریکٹر مارٹن اسکورسیز فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اسے ایپل اور نیٹ فلکس مل کر بنائیں گے۔
اب اس فلم کے حوالے سے ایک بڑی اپ ڈیٹ آئی ہے۔ ایپل کمپنی اور نیٹ فلکس فلم کو پروڈیوس کرنے کے ساتھ ساتھ اسے دنیا بھر میں ریلیز کریں گی۔
یہ فلم ایک کتاب سے ماخوذ ہے جس کا نام "The Wager: A Tale of Shipwreck, Mutiny and Murder” ہے، مذکورہ کتاب سمندری جہاز کے حادثے، بغاوت اور قتل کی سچی کہانی پر مبنی ہے۔
فلم کی شوٹنگ اگلے سال یعنی 2026 میں شروع ہوگی، تاہم ابھی تک یہ طے نہیں ہوا کہ فلم کب ریلیز ہوگی، تاہم شائقین بہت پرجوش ہیں کیونکہ تینوں بڑے ستارے ایک ساتھ یہ فلمی پروجیکٹ کرنے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ جینیفر لارنس اور لیونارڈو ڈی کیپریو پہلے فلم "ڈونٹ لُک اپ” میں ساتھ کام کر چکے ہیں۔ اب مارٹن سکورسیز کے ساتھ یہ ان کا نیا پروجیکٹ ہے۔



