اسرائیلی فوج کی جنوبی لبنان میں پیشقدمی،تاریخی الشقیف قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرا دیا

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں پیش قدمی کرتے ہوئے تاریخی الشقیف قلعے (Beaufort Castle) پر اپنا پرچم لہرا دیا۔غیر ملکی خبرساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قلعے کے اطراف گولہ باری کی آوازیں سنائی دیتی رہیں اور دھوئیں کے بادل اٹھتے دکھائی دیے جبکہ اسرائیلی فوج کا پرچم قلعے کے اوپر لہرایا گیا۔ماضی میں اسرائیلی افواج لبنان پر اپنے دو دہائیوں طویل قبضے کے دوران اس قلعے کو ایک اڈے کے طورپر استعمال کر چکی ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق یہ قلعہ جنوبی لبنان کے نمایاں تاریخی و ثقافتی مقامات میں شمار ہوتا ہے اور مشرق وسطیٰ کے اہم قلعوں میں سے ایک ہے۔ صلیبیوں نے اس کا نام بیوفورٹ رکھا (Beaufort) جس کا مطلب خوبصورت قلعہ ہے۔یہ تاریخی قلعہ صلاح الدین ایوبی کے ہاتھوں فتح ہوا تاہم بعد ازاں صلیبیوں نے اسے کچھ عرصے کے لیے دوبارہ حاصل کر لیا اور نائٹس ٹیمپلر یہاں مقیم رہے۔ سال 1268 میں مملوک سلطان سلطان الظاہر بیبرس کی قیادت میں اسے دوبارہ فتح کر لیا گیا۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ فوج نے اس تاریخی مقام پر قبضہ کر لیا ہے جو جنوبی لبنان کے وسیع علاقے پر نظر رکھنے کے لیے اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔



