جنوبی لبنان میں جنگ بندی پر عمل درآمد شروع، امریکا نے پائلٹ زونز کا باضابطہ آغاز کر دیا

بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا نے اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد کے لیے پہلے پائلٹ زونز میں کارروائیاں باضابطہ طور پر شروع کر دی گئی ہیں، جن کا مقصد سرحدی علاقوں میں کشیدگی کم کرنا اور پائیدار سیکیورٹی انتظامات کی بنیاد رکھنا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پگوٹ نے میڈیا کو جاری اپنے بیان میں کہا کہ جنوبی لبنان کے فرون، صریفہ اور زوطر الغربیہ میں پائلٹ زونز کے اقدامات سہ فریقی فریم ورک اور ملٹری کوآرڈینیشن گروپ برائے لبنان کی نگرانی میں کیے جا رہے ہیں۔
بیان کے مطابق یہ پیش رفت اسرائیل اور لبنان کے درمیان حالیہ مذاکرات کا عملی نتیجہ ہے، جس کا مقصد سرحدی علاقوں میں کشیدگی میں کمی، اسرائیلی فوج کا مرحلہ وار انخلا اور ان کی جگہ لبنانی فوج کی تعیناتی کو یقینی بنانا ہے۔
امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات گزشتہ ہفتے اٹلی کے دارالحکومت روم میں امریکی ثالثی کے تحت ہونے والے اسرائیل اور لبنان کے مذاکرات کے بعد طے پانے والے فریم ورک کا حصہ ہیں، جس کے تحت جنوبی لبنان کے مخصوص علاقوں میں آزمائشی بنیادوں پر نیا سیکیورٹی انتظام نافذ کیا جائے گا۔
جنوبی لبنان کے مخصوص علاقوں سے اسرائیلی فوج مرحلہ وار انخلا کرے گی۔ان علاقوں میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں لبنانی فوج سنبھالے گی۔غیر ریاستی مسلح گروہوں، خصوصاً حزب اللہ، کو غیر مسلح کرنے اور ہتھیار واپس لینے کی کوشش کی جائے گی۔اگر یہ ماڈل کامیاب رہا تو اسے جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
دوسری جانب حزب اللہ نے اس منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہتھیار ڈالنے یا غیر مسلح ہونے کا مطالبہ کسی صورت قابل قبول نہیں۔ تنظیم کا مؤقف ہے کہ سب سے پہلے اسرائیل کو لبنانی علاقوں سے غیر مشروط اور مکمل انخلا کرنا چاہیے۔
ادھر اسرائیل کا کہنا ہے کہ جب تک حزب اللہ سرحدی علاقوں میں اپنی مسلح موجودگی ختم نہیں کرتی، اس وقت تک مکمل انخلا ممکن نہیں ہوگا۔
امریکا نے واضح کیا ہے کہ وہ لبنان اور اسرائیل دونوں کے ساتھ مل کر اس فریم ورک پر عمل درآمد جاری رکھے گا، جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) اور ملٹری کوآرڈینیشن گروپ پورے عمل کی نگرانی کریں گے تاکہ جنگ بندی برقرار رہے اور مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان مستقل سیکیورٹی انتظامات کی راہ ہموار ہو سکے۔



