اسرائیل کی لبنان میں اسپتال پر بمباری، 12 ڈاکٹرز اور نرسیں جاں بحق

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)اسرائیل نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے لبنان پر ظلم و بربریت کی نئی تاریخ رقم کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کی وزارت صحت نے بتایا کہ فضائی حملہ جنوبی قصبے برج قلعویہ میں واقع ایک کلینک پر کیا گیا جہاں طبی عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حملے میں کلینک مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں میں ڈاکٹرز، نرسیں اور ایمبولینس سروس کے اہلکار شامل ہیں۔
حملے میں کم از کم 12 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
اسرائیلی فضائیہ نے جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں مزید حملے بھی کیے جن میں رہائشی عمارتوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ کئی مقامات پر آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹس کے مطابق اسرائیلی حملوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر شہری انفراسٹرکچر کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حملوں کے ساتھ ہی اسرائیل نے جنوبی لبنان میں انخلا کے عمل کو بھی تیز تر کردیا ہے۔



