لبنان میں جنگجو کی تلاش کے دوران اسرائیلی فوجی اپنے ہی ساتھی اہلکار کی گولی لگنے سے ہلاک

بیروت(جانوڈاٹ پی کے)لبنان کے جنوبی علاقے میں ایک اسرائیلی فوجی فائرنگ کے تبادلے میں اپنے ہی ساتھی اہلکار کی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اُس وقت پیش آیا جب سرحدی گاؤں شبعا میں اسرائیلی فوج کے مختلف یونٹس ایک مشتبہ جنگجو کی تلاش میں آپریشن کر رہے تھے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ اس دوران اسرائیلی فوج کی دو ٹیمیں آمنے سامنے آگئیں اور ایک دوسرے کو دشمن سمجھ کر فائرنگ کردی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں نوجوان اہلکار کے فرینڈلی فائرنگ میں ہلاک ہونے کے شواہد ملے ہیں جب کہ ایک اہلکار زخمی ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت سارجنٹ 21 سالہ گائے لودار کے نام سے ہوئی ہے اور کمانڈو بریگیڈ کی ایلیٹ مگلان یونٹ سے تعلق تھا۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے بتایا کہ جس مشتبہ شخص کی تلاش کی جا رہی تھی اسے گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔



