سجاول میں وکلا برادری کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

سجاول(جانوڈاٹ پی کے)سجاول میں بار ایسوسی ایشن کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔ وکلا نے سجاول کورٹ کے سامنے جمع ہو کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور بڑھتی مہنگائی پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

احتجاج کی قیادت سجاول بار کے صدر قادر خاصخیلی، جنرل سیکرٹری عمران شاہ، سجاد خواجہ سمیت دیگر وکلا نے کی۔ اس موقع پر وکلا کا کہنا تھا کہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے نے مہنگائی کا طوفان کھڑا کر دیا ہے، جس سے عام شہری، مزدور طبقہ اور ٹرانسپورٹرز بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

وکلا نے کہا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے لیے مالی مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے، جبکہ روزمرہ اشیائے ضروریہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔

بار ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ فوری طور پر واپس لیا جائے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ وکلا نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے ان کے مطالبات پر عمل درآمد نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button