بدین:“لطیف شناسی ہفتہ”انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا

بدین(رپورٹ:مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کے سرتاج صوفی شاعر اور بزرگ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے محکمۂ تعلیم بدین کی جانب سے یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹر کے آڈیٹوریم ہال میں “لطیف شناسی ہفتہ” انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا گیا اس موقع پر ضلع بدین کے مختلف اسکولوں کے طلبہ و طالبات نے حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے کلام، وائی، خطاطی، ڈرائنگ، سوال و جواب اور سندھی، اردو و انگریزی تقاریر کے مقابلوں میں بھرپور شرکت کی، جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری انور پارابی، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، اسسٹنٹ اسپورٹس آفیسر عبدالرزاق خاصخیلی، ٹی ای او عبدالفتاح جونيجو، محکمۂ تعلیم ضلع بدین کے فوکل پرسن محمد خان سموں، زینب سموں اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج ہم یہاں سندھ کے عظیم شاعر، فکر، محبت، انسان دوستی اور روحانی شناخت کے علمبردار حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے فکر و پیغام کو اجاگر کرنے کے لیے “لطیف شناسی ہفتہ” منا رہے ہیں، جو ہم سب کے لیے فخر اور سعادت کی بات ہے مقررین نے کہا کہ حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ نہ صرف سندھ کے شاعر تھے بلکہ وہ سندھ کی شناخت، تہذیب، ثقافت، مزاحمت، صبر، رواداری اور انسانیت کی آواز تھے۔ ان کی شاعری میں محبت، امن، ہم آہنگی، قربانی اور حق کے راستے پر چلنے کا درس پوشیدہ ہے، جو آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ لطیف شناسی ہفتہ منانے کا مقصد نوجوان نسل کو شاہ سائیں کے فکر، فلسفے اور پیغام سے روشناس کرانا ہے تاکہ وہ اپنی تاریخ، زبان، ثقافت اور قومی شناخت پر فخر کر سکیں۔ شاہ سائیں کی شاعری ہمیں سکھاتی ہے کہ انسان ذات، مذہب، رنگ اور نسل سے بالاتر ہے اور اصل عظمت محبت اور خدمت میں ہے آخر میں مقررین نے کہا کہ آج کی اس تقریب کے ذریعے ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ لطیف سائیں کے فکر کو محض کتابوں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے عملی زندگی کا حصہ بنایا جائے گا تاکہ معاشرے سے نفرت، تعصب اور ناانصافی کا خاتمہ ہو اور امن، بھائی چارہ اور بھلائی کو فروغ ملے تقریب میں ٹی ای او یونس راہموں، ٹی ای او شیر محمد، ٹی ای او محمد یوسف، ٹی ای او یاسین احمد کنبھار، ایچ ایس ٹی سیدہ مکل شاہ سمیت دیگر اساتذہ اور طلبہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی

مزید خبریں

Back to top button