لاڑکانہ: زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں سے لوٹ مار، نوڈیرو اور مدیجی کے کچے میں آپریشن، دو ملزمان گرفتار

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانوڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں رتودیرو کے قریب زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں سے لوٹ مار کے واقعے پر پولیس نے نوڈیرو اور ضلع شکارپور کے علاقے مدیجی کے کچے میں بڑے پیمانے پر آپریشن کیا، جس کے دوران مبینہ طور پر واردات میں ملوث جیہو اور بھٹو برادری سے تعلق رکھنے والے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے زیرِ تربیت پولیس اہلکاروں سے لوٹی گئی پولیس وردیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے، جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی وین بھی پولیس نے تحویل میں لے لی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چھٹیاں ختم ہونے کے بعد کندھکوٹ کشمور سے پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ واپس آنے والے 21 نئے بھرتی شدہ پولیس اہلکاروں کو مسلح ملزمان نے یرغمال بنا کر لوٹ لیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے وسیع سرچ آپریشن شروع کیا، جس کے نتیجے میں ملزمان کی گرفتاری اور مسروقہ سامان کی برآمدگی ممکن ہو سکی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد مزید پیش رفت متوقع ہے۔



