لاڑکانہ: پولیس مقابلے میں 25 لاکھ انعام یافتہ خطرناک ڈاکو کیہر جتوئی ہلاک

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ پولیس نے حساس اداروں کی معاونت سے کارروائی کرتے ہوئے پولیس مقابلے میں 25 لاکھ روپے انعام یافتہ خطرناک ڈاکو کیہر عرف کیہو جتوئی کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق یہ مقابلہ تھانہ گیریلو کی حدود میں سیہوانی روڈ پر اسنیپ چیکنگ کے دوران پیش آیا، جہاں مشتبہ ڈاکوؤں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، جس کے جواب میں پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران مبینہ طور پر اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں سے خطرناک ڈاکو کیہر جتوئی مارا گیا۔

ایس ایس پی لاڑکانہ کے مطابق ہلاک ڈاکو ساتھی جتوئی گینگ کا اہم رکن تھا اور شہید انسپکٹر میر محمد کھوسو کیس سمیت 53 سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے موقع واردات سے کلاشنکوف اور دیگر شواہد بھی برآمد کر لیے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد ضلع بھر میں سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ دیگر جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا جا سکے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button