لاڑکانہ میں میونسپل کمیٹی نے غریب ریڑھی بانوں کی زندگی اجیرن کردی

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں غریب ریڑھی بانوں پر ظلم کی انتہا کرتے ہوئے میونسپل کمیٹی کی روزانہ50روپے پرچی فیس اور700روپے اضافی جرمانے نے مزدوروں کی کمر توڑ دی.
سینکڑوں ریڑھی بان محنت کشوں نے وی آئی پی روڈ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے روڈ بلاک کر دیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ میونسپل کمیٹی نے پہلے 2 روپے والے ٹیکس کو بڑھاکر 5 روپے کیا اور اب اسے مزید وسعت دیکر اچانک 50روپے روزانہ کر دیا ہے، جو غریبوں کے لیے تباہ کن ہے.
مظاہرین نے الزام لگایا کہ رکشوں پر لوہے کی پٹیاں لگا کر 700 روپے اضافی فیس بھی زبردستی لی جا رہی ہے جس نے ان کے گھروں کا چولہا بجھانے کی نوبت پیدا کر دی ہے.
احتجاج کرنے والوں نے بلاول بھٹو زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس غیر قانونی ٹیکس مہم کو فوری روکا جائے ورنہ وہ عدالت کا دروازہ کھٹکھٹانے پر مجبور ہوں گے، اس دوران سینئر وکلاء کامریڈ غلام شبیر جتوئی، آصف علی جتوئی اور دیگر مظاہرین کے درمیان پہنچے اور قانونی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی.



