27 ویں آئینی ترمیم بنیادی قانون اور شریعت دونوں کے منافی ہے،صدر کراچی بار کونسل عامر نواز وڑائچ

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) کراچی بار کاؤنسل کے صدر اور رکن سندھ بار کائونسل عامر نواز وڑائچ، حسیب جمالی اور کے بی لغاری کا لاڑکانہ ہائی کورٹ بار پہنچنے پر وکلاء نے شاندار استقبال کیا، میڈیا سے گفتگو میں قائدین کا کہنا تھا کہ 27 ویں آئینی ترمیم بنیادی قانون اور شریعت دونوں کے منافی ہے، کسی کو بھی تاحیات استثنیٰ دینا انصاف کے گلے پر چھری پھیرنے کے مترادف ہے، ان کا کہنا تھا کہ حکومت اس ترمیم کے ذریعے پسندیدہ جج مقرر کر کے مقدمات اپنے مطلوبہ فیصلوں تک پہنچانا چاہتی تھی جو عدلیہ کی آزادی پر سنگین حملہ ہے، وکلاء رہنماؤں نے اعلان کیا کہ کالا کوٹ ایک بار پھر عدالتی نظام کی بحالی اور آئین کی بالادستی کیلئے تحریک کی جانب بڑھ رہا ہے.



