لاڑکانہ میں یوم علی پر سکیورٹی کے سخت انتظامات

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ میں21رمضان المبارک یوم علیؑ کے موقع پر شہر سمیت ضلع بھر میں سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے جامع سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے، ضلع بھر میں 29 مجالس اور 10 ماتمی جلوسوں کی نگرانی کیلئے لاڑکانہ پولیس کے 800 افسران و جوان تعینات ہیں جبکہ 82 ونگ سندھ رینجرز کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے، ایس ایس پی کے احکامات پر پولیس ہیڈکوارٹر لاڑکانہ میں اینٹی رائٹ ریزرو پلاٹونز بھی الرٹ ہیں جبکہ مرکزی ماتمی جلوس کی گزر گاہوں پر واقع بلند عمارتوں پر جدید دوربینوں سے لیس اسنائپرز تعینات کیے گئے ہیں، سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز، سی سی ٹی وی کیمروں اور ویڈیو ریکارڈنگ کے ذریعے مجالس اور جلوسوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں ایس ایس پی آفس لاڑکانہ میں خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا ہے، پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ رات تک عزاداروں کی باحفاظت واپسی تک کوئی بھی پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی پوائنٹ نہیں چھوڑے گا.

دوسری جانب ایس ایس پی احمد چودھری اور ڈپٹی کمشنر شرجیل نور چنہ نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورے کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں، لاڑکانہ پولیس، سی آئی اے کی بہترین کارکردگی پر علماء، ذاکرین، مختلف انجمنوں کے ذمہ داران اور پرمٹ ہولڈرز نے پولیس کے تعاون کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا ہے.

مزید خبریں

Back to top button