دوستی کا خونی انجام: 19 سالہ زوہیب شاہ کے لرزہ خیز قتل کا معمہ حل،قریبی دوست ہی قاتل نکلے

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) قمبر کے تھانہ صدر کی حدود میں 19 سالہ زوہیب شاہ کی ٹکڑوں میں ملی لاش کے ہولناک واقعے میں سنسنی خیز انکشافات سامنے آ گئے۔ پولیس نے اندوہناک قتل میں ملوث تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جو مقتول کے قریبی دوست نکلے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں سہراب جاگیرانی، وسیم سیٹھار اور مستی جاگیرانی شامل ہیں۔ کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے جرم میں استعمال ہونے والی دو کلہاڑیاں اور ایک ڈنڈا بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش ملزمان نے قتل کا اعتراف کر لیا۔ ملزمان نے زوہیب شاہ کو کھیتوں میں لے جا کر بے رحمی سے قتل کیا، اس کے بعد لاش کے اعضا الگ کر کے ٹکڑوں میں تقسیم کیا اور چھپانے کی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق مقتول کو 24 جنوری کو اغوا کر کے قتل کیا گیا، جبکہ لاش تین روز قبل برآمد ہوئی۔

واقعے کا مقدمہ مقتول کے بھائی شعیب شاہ کی مدعیت میں 9 ملزمان کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button