لاڑکانہ،ڈاکو تاجر سے ساڑھے3لاکھ روپے چھین کرفرار،تاجروں کا احتجاج

لاڑکانہ(رپورٹ:احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)لاڑکانہ کے محلہ دڑی میں گاڑھو بنگلو کے علاقے میں کنفیکشنری کے دکاندار حاجی محمد اکرم شیخ سے ڈکیتوں نے ساڑھے 3 لاکھ روپے نقدی چھین لی، ڈکیتی کی اس واردات کی سی سی ٹی وی فٹیج سامنے آگئی ہے ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ موٹر سائیکل پر سوار 3 ڈکیتوں نے لوٹ مار کی اور پھر فرار ہو گئے. متاثر دکاندار نے بتایا کہ ڈکیتی کا یہ واقعہ گذشتہ رات اس وقت پیش آیا جب وہ اپنی دکان بند کرکے واپس گھر جانے کے لئے گھر کے دروازے پر پہنچا تو ڈکیتوں نے گھیر لیا. ان کا یہ بھی بتانا تھا کہ گزشتہ ماہ بھی ہمارے گھر کے ایک دوسرے فرد سے 4 لاکھ روپے چھین لئے گئے تھے لیکن پولیس نے تاحال کچھ نہیں کیا. انہوں نے کہا کہ ہم تو تشویش میں مبتلا ہوچکے ہیں کہ اب اس ماحول میں کیسے کاروبار کیا جائے یا واپس گھر تک پہنچا جائے؟
ادھر عوامی شہری اتحاد نے ایس ایس پی لاڑکانہ سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائے، سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر ملزمان کو جلد گرفتار کرکے متاثرہ خاندان کو مکمل تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے. رہنماؤں کا کہنا تھا کہ لاڑکانہ شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں کے تدارک کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں.



