ذہنی بیماریوں کے باعث اوسطاً عمر 20سال کم ہوجاتی ہے، طبی ماہرین

لاڑکانہ(جانوڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کی جامعہ میں منعقد سیمینار میں عالمی ماہرین کی تحقیق میں شدید ذہنی بیماریوں کے مریضوں کا 20 سال کم زندگی جینے کا انکشاف ہوا ہے. شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے چانڈکا میڈیکل کالج میں جنوبی ایشیا میں شدید ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد کی جسمانی صحت کے موضوع پر اہم سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی آف یارک (انگلینڈ) کی تحقیقی ٹیم نے انکشاف کیا کہ شدید ذہنی بیماریوں میں مبتلا افراد عام لوگوں کی نسبت 10 سے 20 سال کم عمر جیتے ہیں جو ایک انتہائی تشویشناک صورتحال ہے، سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کی جنہوں نے ذہنی و جسمانی صحت کے باہمی تعلق اور مشترکہ حکمت عملی کی ضرورت پر زور دیا، انہوں نے طلباء کے بڑھتے ذہنی دباؤ کے پیش نظر قائم کیے گئے سائیکو سوشل کونسلنگ روم کو اہم قدم قرار دیا، ماہرین نے کہا کہ سماجی غفلت، محدود سہولیات اور تاخیر سے تشخیص مریضوں کی حالت مزید خراب کرتی ہے، جس کے باعث دل کے امراض، بلڈ پریشر، ذیابیطس اور موٹاپا تیزی سے بڑھتا ہے، تقریب کے اختتام پر قیادت اور ماہرین نے آئندہ مشترکہ تحقیق، سائنسی سرگرمیوں اور آگاہی مہمات کو وسعت دینے کا عزم کیا، سیمینار میں فیکلٹی اور طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی.



