وزیرآباد: حکومتِ پنجاب کا قبضہ مافیا کیخلاف سخت اقدام، شہریوں کا بھرپور خیرمقدم

وزیرآباد(جانوڈاٹ پی کے)قبضہ مافیا کے خلاف حکومتِ پنجاب کا اقدام قابلِ تحسین، شہریوں کا بھرپور خیر مقدم.حکومتِ پنجاب کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی اور حقداروں کو ان کی زمینیں واپس دلوانے کے اقدام کو وزیر آباد کے شہریوں نے ایک تاریخی اور احسن قدم قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ وہ مسئلہ تھا جس کے حل کے لیے لوگ نسلوں سے دربدر کی ٹھوکریں کھاتے رہے، مگر اب پہلی بار وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے دور میں انہیں انصاف کی امید نظر آ رہی ہے۔ ایک عوامی سروے میں شہریوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف قانون سازی اور عملی کارروائی سے عام آدمی کا اعتماد بحال ہوا ہے۔ شہریوں کے مطابق بااثر افراد اور لینڈ گریبرز کے سامنے کمزور طبقہ ہمیشہ بے بس رہا، جس کے باعث سینکڑوں خاندان اپنی جائز جائیدادوں سے محروم رہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی حکومت کا یہ اقدام صرف زمینوں کی واگزاری تک محدود نہیں بلکہ یہ قانون کی بالادستی، انصاف اور عوامی حقوق کے تحفظ کی علامت ہے۔ سروے میں شامل شہریوں نے بتایا کہ کئی خاندان دہائیوں سے مقدمات، تھانوں اور دفاتر کے چکر لگا رہے تھے، مگر اب قبضہ مافیا کے خلاف کارروائی سے انہیں حقیقی ریلیف ملا ہے۔ عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا کہ اس قانون پر بلاامتیاز عملدرآمد جاری رکھا جائے اور بااثر افراد کو کسی قسم کی رعایت نہ دی جائے۔شہریوں کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح قانون حرکت میں رہا تو نہ صرف قبضہ مافیا کا خاتمہ ممکن ہے بلکہ عوام کا نظامِ انصاف پر اعتماد بھی مزید مضبوط ہوگا۔ آخر میں شہریوں نے حکومتِ پنجاب سے امید ظاہر کی کہ زمینوں کی واگزاری کے اس عمل کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا تاکہ آئندہ کوئی بھی شہری اپنی جائز جائیداد کے لیے نسلوں تک دربدر ہونے پر مجبور نہ ہو۔



