لکی مروت: پولیس وین کے قریب دھماکا، اے ایس آئی سمیت 3 اہلکار، راہگیر زخمی

لکی مروت (جانوڈاٹ پی کے) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت کے علاقے شہباز خیل اڈہ پر پولیس وین کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) سمیت 3 پولیس اہلکار اور ایک راہگیر زخمی ہوگیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ شہباز خیل کی پولیس موبائل کو بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد ایک موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا جو پولیس وین کے قریب کھڑی تھی، دھماکے کے اطلاع ملنے پر فوراً پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والوں میں اے ایس آئی جمال الدین، کانسٹیبل عارف اور ڈرائیور میر حسن شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد کیلئے فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ذمہ داروں کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔



