لکی مروت میں بڑی تخریب کاری: نامعلوم افراد نے مین گیس پائپ لائن دھماکہ سے اڑا دی

لکی مروت (جانوڈاٹ پی کے)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے لکی مروت میں بھانہ منجیوالا کے قریب نامعلوم افراد نے دھماکہ خیز مواد کے ذریعے مین گیس پائپ لائن کے ٹی بی ایس کو نشانہ بنا دیا، جس کے نتیجے میں علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق دھماکے کے بعد ٹی بی ایس اور گیس کی ترسیلی لائن مکمل طور پر تباہ ہو گئی، جبکہ گیس کا مسلسل اخراج جاری ہے۔ دھماکے کے باعث آگ کے بلند شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے ہیں اور زور دار آواز نے پورے علاقے میں سنسنی پھیلا دی۔

واقعے کے فوراً بعد ہزاروں گھروں کو گیس کی فراہمی معطل کر دی گئی، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق فائر بریگیڈ اور گیس کمپنی کے اہلکار موقع پر پہنچ چکے ہیں اور آگ بجھانے کے ساتھ ساتھ گیس کی ترسیل کو محفوظ بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ سکیورٹی اداروں نے بھی علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button