لاہورکا فوری ایکشن: 11 سالہ بچی سے زیادتی کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 11 سالہ بچی کے ساتھ زیادتی کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ کی ہدایت پر ایس ایچ او ہڈیارہ شجاع اللہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ بروقت کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزم عمران کو حراست میں لے لیا۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے 11 سالہ بچی کو ورغلا پھسلا کر اس کے ساتھ زیادتی کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچی گھر سے کھانا دینے کے لیے گئی تھی کہ اسی دوران ملزم نے اسے بہانے سے اپنے پاس بلا کر مبینہ طور پر نازیبا حرکت کی کوشش کی۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ بچی کی والدہ کی مدعیت میں ملزم عمران کے خلاف فوری طور پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔
ایس پی کینٹ اخلاق اللہ تارڑ نے بروقت کارروائی پر ایس ایچ او ہڈیارہ شجاع اللہ اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ خواتین اور بچوں کے جنسی استحصال میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔



