لاہور اقبال ٹاؤن میں شیر کا حملہ، 8 سالہ بچی شدید زخمی، مالک گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) لاہور کے علاقے اقبال ٹاؤن کے بھیکے وال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں شیر کے حملے میں آٹھ سالہ کمسن بچی زخمی ہو گئی، جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ریسکیو اور پولیس ذرائع کے مطابق شیر نے اچانک بچی پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں بچی کے سر اور کان پر شدید زخم آئے۔ زخمی بچی کو فوری طور پر شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شیر کے مالک کو حراست میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور قانون کی خلاف ورزی پر ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کے مطابق شہری آبادی میں جنگلی جانور رکھنے کے قوانین کی خلاف ورزی کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔



