کیانی ہال میدانِ جنگ بن گیا: لاہور ہائیکورٹ بار الیکشن پر وکلا میں تصادم، خاتون وکیل پر بھی تشدد

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن نتائج پر تنازعہ شدت اختیار کرگیا اور کیانی ہال میں منعقدہ جنرل ہاؤس اجلاس ہنگامہ آرائی میں بدل گیا۔ وکلا کے دو گروپ آمنے سامنے آگئے، گتھم گتھا ہوئے اور ایک دوسرے پر لاتوں، گھونسوں اور مکوں کی بارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق آزاد گروپ کے سربراہ احسن لون اور ان کے ساتھیوں نے ہائیکورٹ بار کے انتخابی نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ اسی معاملے پر کیانی ہال میں جنرل ہاؤس اجلاس بلایا گیا جہاں دونوں دھڑوں کے رہنما اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔
اجلاس کے دوران ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب کچھ وکلا آپے سے باہر ہوگئے۔ دیکھتے ہی دیکھتے ہال میدانِ جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔
ہنگامہ آرائی کے دوران ایک خاتون وکیل نے ایک سینئر وکیل رہنما کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے، جس پر قریب کھڑے ایک مرد وکیل نے مبینہ طور پر خاتون وکیل کو تھپڑ مارے اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ عینی شاہدین کے مطابق جس کے ہاتھ میں جو چیز آئی، وہ اسے بطور ہتھیار استعمال کرتا رہا۔
کئی سینئر وکلا نے بیچ بچاؤ کی کوشش کی اور فریقین کو باز رہنے کی تلقین کی، تاہم کچھ دیر تک جھگڑا جاری رہا۔ بالآخر بزرگ وکلا کی مداخلت سے معاملہ ٹھنڈا کیا گیا اور ہنگامہ ختم ہوگیا۔
واقعے نے قانونی برادری میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے اور وکلا تنظیم کے وقار پر سوالات اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔



