لاہور ہائیکورٹ: چوہدری شوگر ملز ریفرنس میں گارنٹی کی رقم واپسی کے لیے نیب کو ایک ماہ میں ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے چوہدری شوگر ملز ریفرنس میں بطور گارنٹی جمع کروائی گئی سات کروڑ روپے کی واپسی کے لیے نیب کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک ماہ کے اندر متعلقہ احتساب عدالت میں کیس بند کرنے کے لیے باقاعدہ ریفرنس دائر کرے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی فل بینچ نے سماعت کی، جس میں جسٹس جواد ظفر اور جسٹس عبہر گل خان بھی شامل تھے۔ سماعت کے دوران نیب کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نئی نیب ترامیم کے بعد چیئرمین نیب نے مریم نواز کے خلاف چوہدری شوگر ملز کیس بند کرنے کی منظوری دے دی ہے، تاہم عدالت نے واضح کیا کہ ریفرنس بند کرنے کی منظوری کی کوئی قانونی حیثیت تب تک نہیں جب تک متعلقہ احتساب عدالت میں باقاعدہ کارروائی نہ ہو۔

عدالت نے کہا کہ اگر اس مرحلے پر ضمانت کی رقم ریلیز کی گئی تو تمام ذمہ داری عدالت پر آئے گی۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کیا تھا تاکہ اپنی جمع کرائی گئی رقم واپس حاصل کر سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button