لاہور ہائیکورٹ: پیرا فورس کی جانب سے کوٹ رادھا کشن میں قبضہ کے معاملے پر تحریری وضاحت طلب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) لاہور ہائیکورٹ نے پیرا فورس کی جانب سے کوٹ رادھا کشن میں 10 کنال اراضی پر قبضہ دلوانے کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے پیرا کے وکیل کو تحریری بیان جمع کرانے کی ہدایت کر دی ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے درخواست گزار محمد فیاض کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ان کی وراثتی زمین 21 کنال پر مشتمل ہے، جبکہ 10 کنال ذاتی خریدی ہوئی زمین پر پیرا فورس کے ذریعے خاندان کے دیگر افراد کو قبضہ دلوا دیا گیا۔ انہوں نے عدالت سے 10 کنال ذاتی زمین پر کرائے گئے قبضے کو ختم کرنے کا حکم دینے کی استدعا کی۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ پیرا فورس کے پاس کسی زمین پر قبضہ کرانے کا اختیار کیسے ہے اور آیا وہ قبضہ دلوا سکتی ہے یا نہیں۔ پیرا کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پیرا فورس نے قبضہ نہیں کروایا، یہ ممکنہ طور پر کسی ریونیو افسر کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ عدالت کے لیے ریونیو افسر کوئی حیثیت نہیں رکھتا، اور پیرا فورس کی جانب سے قبضہ نہ کروانے کا تحریری بیان عدالت میں جمع کرایا جائے۔

عدالت نے پیرا فورس کے وکیل کو تحریری وضاحت جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت موخر کر دی۔

مزید خبریں

Back to top button