ججز کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر این سی سی آئی اے کو سخت نوٹس، ڈی جی 15 جنوری کو طلب

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)لاہور ہائیکورٹ نےججز کے خلاف سوشل میڈیا مہم پر این سی سی آئی اے کو سخت نوٹس جاری کر دیئے۔ عدالت نے ڈی جی این سی سی آئی اے کو 15جنوری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیاء باجوہ نے اعلی عدلیہ کے ججز کی سوشل میڈیا پر کردار کشی مہم کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے قرار دیا کہ ہم اس معاملہ کی تہہ تک جائیں گے، ججز کی خلاف مہم چلانے والوں کی لسٹیں تیار کریں یہ سائٹ دہشت گردی ہے، آئندہ کوئی ایسی پوسٹ نظر آئی تو ذمہ داری ڈی جی ہوں گے۔

درخواست گزار کی جانب سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے جبکہ عدالتی حکم پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز ، ڈائریکٹر این سی سی آئی اے حشمت کمال سمیت دیگر افسران پیش ہوئے جسٹس علی ضیا نے باجوہ کا ججز کے خلاف مہم پر کارروائی نہ کرنے پر این سی سی آئی اے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے استفسار کیا کہ سرکاری وکیل صاحب بتائیے کیا این سی سی آئی اے کا ازخود اختیار ختم ہوگیا؟ حشمت کمال صاحب آپ پنجاب کے سربراہ ہیں کیوں خاموش ہیں؟ حشمت کمال صاحب بتائے اب تک ایکشن کیوں نہیں ہوا؟ این سی سی آئی اے کیوں سو رہا ہے کیا وجہ ہے ؟

عدالت نے کہا کہ اتنی خوفناک مہم ججز کے خلاف چلائی جا رہی ہے اب تک ذمہ داروں کے خلاف کارروائی نہیں کی، ڈائریکٹر این سی سی آئی اے حشمت کمال نے کہا کہ ہم وقتاً فوقتاً پر معاملے کو دیکھ رہے ہوتے ہیں۔

جسٹس علی ضیا باجوہ نے کہا کہ آپ کی قانون کے مطابق یہ ڈیوٹی تھی کہ ججز کے خلاف یا اداروں کے خلاف کوئی ایسا مواد آئے تو آپ اس خود اختیارات استعمال کر سکتے ہیں کیوں آپ نے ڈیوٹی پوری نہیں کی؟ سیکشن 37 کہتا ہے غیر قانونی کانٹنٹ کو ہٹانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے اب تک کوئی ایک ایکشن نہیں لیا گیا ہے۔

دوران سماعت عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز سے استفسار کیا کہ بتائے پنجاب حکومت کیا کر رہی ہے؟

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب امجد پرویز نے کہا کہ پنجاب حکومت ججز کے خلاف کسی مہم کا حصہ نہیں، پنجاب حکومت ججز کے خلاف مہم کی مذمت کرتی ہے۔

جسٹس علی ضیا باوجود نے کہا کہ پنجاب حکومت کا موقف واضح ہے بتائیں وفاقی حکومت کا کیا موقف ہے؟

سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت عدالتی حکم پر من و عمل کرے گی، درخواست گزار کے وکیل میاں داؤد نے موقف اختیار کیا تھا کہ ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم پر این سی سی آئی اے کی خاموشی نے بھی سوالات کھڑے کئے ہیں، ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم میں ملوث اکائونٹس کیخلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا جائے، ججز کیخلاف سوشل میڈیا پر موجود توہین آمیز مواد کی مسلسل مانٹیرنگ اور اسے فوری ہٹانے کا حکم دیا جائے

عدالت نے 15جنوری کو ڈی جی این سی سی آئی اے سمیت دیگر افسران کو طلب کرلیا۔

مزید خبریں

Back to top button