لاہور: گلبرگ کے مقامی ہوٹل کی بیسمنٹ میں آتشزدگی، 3 افراد زخمی، 180 افراد بحفاظت ریسکیو

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع ایک مقامی ہوٹل کی بیسمنٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں 3 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے، جبکہ ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 180 افراد کو بحفاظت عمارت سے نکال لیا۔

چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان نے جائے وقوعہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ آگ صرف ہوٹل کی بیسمنٹ تک محدود ہے اور اسے بجھانے کا عمل جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوٹل سے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے اور اس وقت عمارت کے اندر کوئی شخص موجود نہیں۔

چیف سیکرٹری کے مطابق آتشزدگی کے باعث زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بیسمنٹ میں پانی وافر مقدار میں موجود ہے جس کے باعث آگ پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔

ہوٹل کی چودھویں منزل پر موجود ایک شخص ہمایوں نے بتایا کہ آگ لگنے کے وقت وہ چودھویں منزل پر تھا، تاہم صورتحال بگڑنے پر وہ سیڑھیوں کے ذریعے نیچے آ گیا اور محفوظ رہا۔

آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی چیف سیکرٹری پنجاب زاہد زمان اور ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز موقع پر پہنچ گئے اور امدادی و ریسکیو کارروائیوں کی براہِ راست نگرانی کر رہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button