لاہور میں بسنت کی دھوم، پتنگ اور ڈور کی فروخت ایک ارب روپے سے تجاوز کر گئی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)سیف کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ بسنت کی تیاریوں کے سلسلے میں شہر میں ایک ارب سے زائد کی ڈور اور پتنگیں فروخت ہوگئی ہیں۔

لیگل ایڈوائزر سیف کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن ایڈووکیٹ ملک فیضان نے کہا کہ بسنت سے قبل ڈیڑھ ارب سے زائد مالیت کی ڈور اور گڈی فروخت ہوجائے گی اور لاہور میں ڈور پتنگیں نایاب اور مانگ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔

لیگل ایڈوائزر کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشن نے بتایا کہ پون تاوا 250 روپے، ایک تاوا 450 سے 500 روپے میں فروخت ہونے لگا، ڈیڑھ تاوا گڈا 700 روپے سے 800 روپے میں فروخت ہونے لگا ہے۔

لیگل ایڈوائزر نے بتایا کہ چوتھے روز مارکیٹس میں 10 لاکھ سے زائد گڈے پتنگیں فروخت ہوئیں، چوتھے  روز مارکیٹس میں 20 ہزار سے زائد پنے فروخت ہوئے، ڈیڑھ تاوا گڈا 700روپے، ایک تاوا 400 روپے اور پونا تاوا 300 روپے اوردو پیس کا پنا 12 سے 15 ہزار کا فروخت ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چوتھے روز پتنگوں کے ریٹ میں اضافے کے ساتھ دستیابی بھی رہی۔

ایڈوکیٹ ملک فیضان احمد نے کہا کہ پہلے روز 16کروڑ روپے، دوسرے روز 18کروڑ روپے اور تیسرے روز 20 کروڑ روپے اور چوتھے روز 68 کروڑ کی خرید و فروخت ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ اندرون موچی گیٹ مارکیٹ، اسلام پورہ،  ساندہ، سمن آباد،  نوناریاں، اچھرہ سمیت دیگر علاقوں میں پتنگوں، گڈوں اور پنوں کی خرید و فروخت جاری ہے۔

ملک فیضان نے کہا کہ شہریوں کو دوسرے شہروں سے پتنگ اور ڈور کے آنے کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے 6 فروری کو بسنت کا جشن منانے کے لیے صوبے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے گزشتہ روز سوشل میڈیا پر بیان میں شہریوں اور پنجاب کے عوام کو لاہور لبرٹی چوک میں 7 فروری کو بسنت منانے کی دعوت دی۔

مزید خبریں

Back to top button